کراچی (نیوز ڈیسک ) اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کنٹینر سے ڈیڑھ ارب روپے کا نان کسٹم پیڈ سامان برآمد کرلیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد ہونیوالے غیر قانونی سامان میں لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ، گٹکا پان مسالہ، ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والا آئل اور کیمیکل شامل ہیں،بیرون ملک سے یہاں لائی گئی ان اشیاء کی مالیت ڈیڑھ ارب روپے سے زائد ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اے این ایف کی ٹیم نے منشیات سمگلنگ کے شبے میں خفیہ اطلاع پرکنٹینر کی تلاشی لی، تلاشی لینےپرکنٹینر میں موجود بھاری تعداد میں نان کسٹم اشیاء پکڑی گئیں۔ نان کسٹم پیڈ سامان گھریلو اشیاء اور اجناس کی آڑ میں پاکستان اسمگل کیا جارہا تھا۔




